اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دھماکے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اس قسم کی کارروائیاں صرف تقسیم کے بیج بونے کے مترادف ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کوئٹہ میں ہونے والے ہولناک دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس سانحے پر شدید دکھ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ہمدردیاں دھماکے میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، اور برطانیہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے، کیونکہ ایسی کارروائیاں کسی بھی معاشرے کو تقسیم کرنے کے سوا کچھ نہیں کرتیں۔
یاد رہے کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے میں 25 افراد کی جانیں گئیں اور 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں ریلوے پولیس کے دو اہلکار بھی شامل ہیں، جن میں ہیڈ کانسٹیبل غلام رسول جمالی اور ہیڈ کانسٹیبل بھورل خان شامل ہیں۔