اسلام آباد۔ الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کو سالانہ گوشواروں کی تفصیلات31دسمبر تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ،گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کی رکنیت معطل کردی جائے گی جبکہ غلط بیانی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کیلئے سالانہ گوشوارے کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال2023-24 کے جمع کروانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر 2024ہے
الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے ممبران کے لئے لازم ہے کہ وہ اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال2023-24مجوزہ فارم۔بی کی صورت میں مقررہ تاریخ سے پہلے یا 31دسمبر 2024 تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروا دیں ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق یکم جنوری کو مقررہ تاریخ تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کے نام شائع کرے گاجبکہ16جنوری کو ایک حکم کے تحت کمیشن 15 جنوری تک مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے والے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کی رکنیت معطل کردے گا اور مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے تک وہ پارلیمنٹ و اسمبلی کی کسی بھی کاروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے ۔
کمیشن کے مطابق اگرکوئی ممبر اپنے پیش کردہ گوشواروں میں کسی قسم کی غلط معلومات فراہم کرنے کا مرتکب پایا گیا تو کمیشن سیکشن 137 کے تحت گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ سے 120 دن کے اندر اس بد عنوانی کے جرم کے ارتکاب کی پاداش میں کاروائی کرے گا۔