لاہور۔پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے ناگزیر تھی۔
وزیراعلیٰ نے ایک بیان میں کہا کہ اس ترمیم کی منظوری سے پارلیمنٹ کو مکمل آئینی اختیار اور عزت واپس ملی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ترمیم کے نتیجے میں بروقت انصاف کی فراہمی ممکن ہوگی اور یہ واضح طور پر نظر بھی آئے گا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم عدالتی نظام میں مثبت اصلاحات کا آغاز کرے گی اور یہ پاکستان کو دنیا کی مثالی جمہوریت کی صف میں کھڑا کرنے میں مدد دے گی۔ انہوں نے سود کے خاتمے کی شق کا خیرمقدم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو خود مختار اور مزید مستحکم کیا گیا ہے، اور عوام کو انصاف تک رسائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ 26ویں آئینی ترمیم عوام کی آواز کو مضبوط کرنے کا واضح پیغام ہے۔