اسلام آباد: صدر پاکستان آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد 26ویں آئینی ترمیم کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 26ویں آئینی ترمیم کا گزٹ نوٹیفکیشن قومی اسمبلی کی جانب سے شائع کیا گیا، جس کے نتیجے میں 26ویں آئینی ترمیم بل 2024 پارلیمنٹ کا ایکٹ بن گیا۔
26ویں آئینی ترمیم کے بعد سب سے پہلے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو نئے چیف جسٹس آف پاکستان کا انتخاب کرے گی۔ آرٹیکل 175اے کی شق 3 کے تحت نئے چیف جسٹس کا تعین کیا جائے گا۔
چیف جسٹس آف پاکستان آرٹیکل 175اے کی ذیلی شق 3 کے تحت تین سینئر ججز کے نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجیں گے، اور پارلیمانی کمیٹی ان تین ججز میں سے ایک کا انتخاب کرے گی۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی چیف جسٹس آف پاکستان کا انتخاب کر کے نام وزیر اعظم کو ارسال کرے گی، اور وزیراعظم چیف جسٹس کے انتخاب کی ایڈوائس صدر کو بھیجیں گے۔
آرٹیکل 175اے کی ذیلی شق 3اے کے تحت قائم خصوصی پارلیمانی کمیٹی 12 ارکان پر مشتمل ہوگی، جس میں 8 اراکین قومی اسمبلی اور 4 سینیٹ سے شامل کیے جائیں گے۔
چیف جسٹس آف پاکستان آرٹیکل 175اے کی ذیلی شق 3سی کے تحت ریٹائرمنٹ سے تین روز قبل 3 سینئر ججز پر مشتمل پینل پارلیمانی کمیٹی کو بھیجیں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیں گے۔