اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بیان دیا ہے کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی میں آئینی ترمیم کے حوالے سے مکمل اتفاق ہو چکا ہے۔فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طویل مشاورتی عمل کے بعد آئین سازی کا عمل آگے بڑھ رہا ہے، اور انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ عدالتی اصلاحات پر گفتگو کی۔
کراچی میں ملاقات کے بعد دونوں جماعتیں آئینی ترمیم پر مکمل طور پر متفق ہو چکی ہیں۔ بلاول نے خواہش ظاہر کی کہ آئینی ترمیم خود مولانا فضل الرحمان پیش کریں، یہ ڈرافٹ پیپلز پارٹی کا ہی نہیں بلکہ مولانا کا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح مولانا نے چاہا، اس طرح ڈرافٹ تیار کیا گیا ہے۔ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے مشترکہ ڈرافٹ کو منظور کیا گیا ہے، اور جو ڈرافٹ ہمارے پاس ہے وہ مولانا فضل الرحمان نے خود تحریر کیا ہے۔ بلاول نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اس بل کو پیش کریں، تاکہ پارلیمان اور جمہوریت کی حفاظت کی جا سکے۔بلاول نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو ہمارے ڈرافٹ پر اعتراضات ہیں تو وہ مولانا کے ڈرافٹ کو تسلیم کر لیں۔ ہم نے اپنی جانب سے تمام ممکنہ اقدامات کر لیے ہیں، اب باقی سب کچھ پی ٹی آئی پر منحصر ہے۔