اسلام آباد۔ چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعہ کے روز پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی 3 اے) اور اے ٹی کارنی (AT Kearney) کے نمائندگان کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبران سمیت متعلقہ سنئیر افسران نے بھی شرکت کی. اجلاس کا مقصد اسلام آباد میں ہوٹل کے پلاٹس کے لئے مختلف آپشنز اور بہترین ماڈلز پر تبادلہ خیال کرنا تھا.
سی ڈی اے کا مقصد اسلام آباد کے پرائم علاقوں میں فائیو اسٹار اور سیون اسٹار ہوٹلز کی تعمیر کرنا ہے. یہ منصوبے سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے انتہائی اہم ہیں جو دارالحکومت میں اسکے ساتھ اعلیٰ معیار کی رہائش اور تفریحی سہولیات بھی فراہم کریں گے.
اجلاس میں اے ٹی کارنی (AT Kearney) کی جانب سے حالیہ فزیبیلیٹی اسٹڈی پر بریفننگ دی گئی جس میں ان اسلام آباد کے ہوٹل پلاٹس کے لئے مختلف ماڈلز اور آپشنز رکھے گئے جن میں لینڈ کی لیز، جوائنٹ وینچر (JV) اور منافع میں شرکت شامل ہے.
چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت دی کہ لینڈ کے موجودہ مارکیٹ ریٹس اور تعمیراتی اخراجات کو مدنظر رکھ کر بہترین اور موزوں آپشنز تلاش کئے جائیں. انہوں نے کہا کہ ہوٹل پلاٹس کی قیمتیں مارکیٹ کے مطابق ہونی چاہیں اور سی ڈی اے کے لئے وہ طویل مدت فائدہ مند ہوں.
اجلاس میں طے پایا کہ سی ڈی اے فزیبیلیٹی رپورٹ کی مزید سٹڈی کرے گا جبکہ اے ٹی کارنی (AT Kearney) اور سی ڈی اے کی ٹیمیں لینڈ کی قیمت، تعمیراتی اخراجات اور دیگر طریقہ کار پر مزید مشاورت کریں گے.
اجلاس میں جناح میڈیکل کمپلیکس اور اسلام آباد کے سلاٹر ہاؤس پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی. اسی طرح اجلاس میں گندھارا سٹیزن کلب کے منصوبے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا جو تفریحی سہولیات جیسے کرکٹ گراؤنڈ بھی شامل ہوگا. اس سے حاصل ہونے والی آمدنی شہری فلاح و بہبود اور پارکس اور گراؤنڈز کی ترقی پر خرچ کی جائے گی.
واضح رہے سی ڈی اے اور پی 3 اے کا تعاون نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لئے انتہائی اہم ہے جس سے اسلام آباد کے بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جاسکے گا اور اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جاسکے گا اور شہر کی خوبصورتی کو مزید بڑھایا جاسکے گا.