اسلام آباد۔براعظم ایشیاء کے اہم ممالک اور چند یورپ ممالک بشمول امریکہ، کینیڈا، چین، جاپان، آسٹریلیااور جنوبی افریقہ کے نامور ماہرین تعلیم فاصلاتی نظام تعلیم کے مختلف موضوعات پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی تین روزہ عالمی کانفرنس میں شرکت کے لئے اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز(اے اے او یو)کی 37ویں تین روزہ سالانہ کانفرنس کی پری ورکشاپ آج(سوموار 14اکتوبر)کو منعقد ہوگی جس میں یہ غیر ملکی وفود بھی شرکت کریں گے۔ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز کے سربراہوں اور ماہرین تعلیم پر مشتمل اس کانفرنس کا اہتمام علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کررہی ہے۔کانفرنس کی افتتاحی سیشن منگل 15۔اکتوبر کو صبح 9بجے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد ہوگی، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، خالد مقبول صدیقی افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی ہوں گے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ اس کانفرنس کے بنیادی مقاصد میں مستقبل میں شعبہ تعلیم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور بامقصد تعلیم کے ذریعے دنیا بھر میں سماجی و معاشی بہتری پیدا کرنے کے لئے تجاویز اور سفارشات مرتب کرنا شامل ہے۔کانفرنس کوآرڈینیٹر، ڈاکٹر زاہد مجید کے مطابق 20ممالک سے 80 انٹرنیشنل جبکہ 200 سے زائد پاکستانی ماہرین تعلیم شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ کلیدی مقررین کینیڈا،آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انڈونیشیاء اور پاکستان سے ہوں گے۔