ایس سی او سمٹ 2024 کے لیے اسلام آباد پولیس نے ایک جامع سیکیورٹی منصوبہ ترتیب دیا ہے۔ سمٹ کے مقامات، ایئرپورٹس، نور خان ایئربیس، روٹس، فنل ایریاز، ہوٹلز اور وفود کی رہائش گاہوں پر سیکیورٹی ڈیوٹیز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ایس سی او سمٹ 2024 اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ ٹریفک کے انتظامات بھی مکمل کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
آئی جی نے مزید بتایا کہ سرچ اور انفارمیشن بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ تمام غیر ملکی سربراہان، وفود اور مہمانوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ پولیس کے ساتھ وزارت خارجہ، ضلعی انتظامیہ، پاکستان آرمی، رینجرز، ایف سی اور دیگر صوبائی پولیس، انٹیلیجنس ایجنسیاں، ٹریفک پولیس اور اسپیشل برانچ کے افسران و جوان بھرپور سیکیورٹی انتظامات کے لیے متحرک ہیں۔
سید علی ناصر رضوی نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے 93 فیصد فورس سیکیورٹی کے لیے تعینات کی ہے۔ ایس سی او سمٹ 2024 کی سیکیورٹی کے لیے 9 ہزار سے زائد افسران و جوان اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اسلام آباد پولیس اس سمٹ کی مکمل سیکیورٹی کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے عوام الناس سے تعاون کی اپیل کی تاکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک کامیاب سمٹ کا انعقاد ممکن ہو سکے۔