اسلام آباد۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ مجوزہ آئینی ترامیم پر اتفاق رائے کے لیے مختلف مسودوں پر غور کیا گیا۔پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کی غیر رسمی ذیلی کمیٹی کا مختصر اجلاس وزیر قانون اعظم نظیر تارڑ کی رہائش گاہ پر ہوا۔ اجلاس میں حکومتی مسودے کے علاوہ جمیعت علماء اسلام اور پیپلز پارٹی کے مسودوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں مسودوں کے اختلافی پوائنٹس پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ ذیلی کمیٹی کل اپنی رپورٹ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی میں پیش کرے گی۔ خصوصی کمیٹی کا اجلاس خورشید شاہ کی زیر صدارت پیر کو سہ پہر ساڑھے تین بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ اجلاس میں مجوزہ آئینی ترامیم کے مسودوں پر ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔