اسلام آباد۔وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں ہم نے اسرائیلی وزیراعظم کے خطاب کا بائیکاٹ کیا،وزیراعظم کے واک آﺅٹ کے بعد دیگر ممالک نے بھی جنرل اسمبلی اجلاس سے واک آﺅٹ کیا،اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر کے وقت ہال تقریباً خالی ہو چکا تھا،اسرائیلی وزیر اعظم کا بائیکاٹ کر کے دنیا کو مضبوطاور واضح پیغام پہنچا دیا ہے، فلسطینی صدر محمود عباس نے پاکستان کی حمایت کو خوش آئند قرار دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہفلسطین کے صدر محمود عباس نے وزیراعظم کا بازو پکڑ کر کہا کہ آپ ہمارے بھائی ہیں، فلسطین کے صدر نے فلسطین کاز کے لئے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا، پاکستان کی خارجہ پالیسی مثبت انداز سے آگے بڑھ رہی ہے
انہوںنے کہا کہ پاکستان کا دنیا میں واحد ملک ہے جس کے پاسپورٹ پر لکھا ہے کہ یہ پاسپورٹ ماسوائے اسرائیل کے تمام ممالک کے لئے کارآمد ہے، فلسطینی صدر نے امدادی سامان بھیجنے اور فلسطینی طالب علموں کو میڈیکل کالجز میں داخلے کو سراہا،فلسطینی صدر نے کہا کہ پاکستان نے ہر فورم پر ہمارے حقوق کی بات کی، وزیر اعظم نے بھرپور انداز میں اقوام متحدہ میں پاکستان کا مقدمہ لڑا، وزیراعظم نے اپنی تقریر میں برہان وانی کا خصوصی ذکر کیا
عطا تارڑ نے کہا کہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگر عالمی مالیاتی ادارے پاکستانی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں، پاکستان کی شرح نمو میں اضافے اور مہنگائی میں کمی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے،
آئی ایم ایف معاہدہ طے پانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معیشت کو بھرپور طریقے سے سراہا گیا
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی پاکستان کی معیشت میں بہتری کو سراہا، پالیسی ریٹ کم ہونے سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے، ترکیہ کی معیشت نے پچھلی کئی دہائیوں کے اندر جس طرح ترقی کی، اس کی پوری مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آ گئی ہے، پچھلے سال 32 فیصد سے اس سال 9.6 فیصد پر مہنگائی کا آنا بڑا کارنامہ ہے، مستقبل میں مہنگائی میں مزید کمی واقع ہوگی
عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی ملکی معیشت کو ڈی ریل کرنا چاہتی ہے لیکن یہ کبھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے،ناکامی ان کا مقدر ہے، یہ جو اقدامات کر رہے ہیں اس پر قانون حرکت میں آئے گا، پارلیمان بالادست ادارہ ہے، قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار ہے، پارلیمان کی منشاءاور اختیار پر سیاست نہیں ہونی چاہئے
انہوں نے کہا کہ یروشلم ٹائمز اور ٹائمز آف اسرائیل نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے حق میں آرٹیکل لکھے لیکن پی ٹی آئی کے کسی رہنما نے اس کی مذمت تک نہیں کی، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کس بات پر ایبسلوٹلی ناٹ کہا تھا؟یہ کیوں فلسطین کاز کے لئے بات نہیں کرتے، ان کا اسرائیل کے ساتھ کیا رشتہ ہے؟کیوں نہیں کہتے کہ میرے حق میں جو آرٹیکل اسرائیلی اخبارات میں شائع ہوئے وہ غلط ہیں؟،
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کا مشکور ہوں، انہوں نے ہمیں بہت پذیرائی دی، ستمبر 2024ءمیں مہنگائی مزید کم ہوئی ہے، مہنگائی 6.9 فیصد پر آ گئی ہے،ہماری معاشی پالیسیاں درست سمت میں جا رہی ہیں، اس کے اثرات عوام تک پہنچ رہے ہیں،پرائس کنٹرول کمیٹیاں کام کر رہی ہیں، مہنگائی میں کمی کے اثرات عوام کو منتقل کرنے کے لئے بھرپور کام کیا جا رہا ہے،علی امین گنڈاپور کو بھی چاہئے کہ وہ قیمتیں کم ہونے کے اثرات اپنے صوبے کے عوام کو بھی منتقل کروائیں، پانچ دس گاڑیوں سے انقلاب نہیں آتا، ان سے لوگ اکٹھے نہیں ہو رہے، انقلاب کے خواب دیکھنے والوں سے پہلے بھی کہہ چکا ہوں تبدیلی کا جذبہ تبدیلی کا جنون، انا للہ و انا الیہ راجعون، عطا تارڑ نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے،12 سے زائد سربراہان مملکت اس سمٹ میں شرکت کے لئے پاکستان آئیں گے، پاکستان کی ترقی، سافٹ امیج کے لئے یہ سمٹ سنگ میل ثابت ہوگی