اسلام آباد۔ غیر مصدقہ اور غیر حقیقی دعووں پر مبنی گمراہ کن اشتہارات چلانے پر، کمپٹیشن کمیشن کے حکم کی تعمیل میں، صابن بانے والی مشہور کمپنی میسرز ریکٹ بینکیزر پاکستان نے قومی خزانے میں ڈیڑھ کروڑ روپے جرمانہ جمع کرا دیا ہے۔ گمران کن مارکیٹنگ اور غیر حقیقی دعوے کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی ہے۔
اسی شعبے میں کام کرنے والی ایک دوسری کمپنی یونی لیور پاکستان نے کمیشن میں ایک باضابطہ شکایت دائر کی تھی جس میں ریکٹ بینکیزر پر گمراہ کن اشتہارات کا الزام لگایا گیا تھا۔ درخواست کے مطابق متعلقہ کمپنی اشتہارات میں دعوی کرتی ہے کہ ان کا صابن ڈیٹول سوپ ننانوے اعشاریہ نو فیصد تک جراثیم کو ختم کر سکتا ہے اور جراثیم ، سردی اور فلو سے 24 گھنٹے تک تحفظ فراہم کرتا ہے۔
کمیشن نے ایک مکمل تحقیقات کے بعد نتیجہ اخذ کیا کہ ریکٹ بینکیزر کی جانب سے ڈیٹول صابن کے اشتہارات کئے گئے دعوے غیر مصدقہ اور مسابقتی ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی ہے۔ کمیشن نے کمپنی پر تین کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا۔
سی سی پی نے ایک مکمل تفتیش کے بعد ، ڈیٹول صابن کے بارے میں ریکٹ بینکیزر کے دعووں کو غیر مصدقہ اور مسابقتی ایکٹ ، 2010 کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی پایا۔ نتیجتا 30 ملین روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
ریکٹ بینکیزر نے کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیلٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کی۔ ٹریبونل نے 11جولائی کو سنائے گئے فیصلے میں کمپٹیشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا ، تاہم کمپنی پر عائد جرمانے کو تین کروڑ روپے سے کم کر کے ڈیڑھ کروڑ روپے کر دیا۔ ٹربیونل نے کمپنی کو 60 دن کے اندر جرمانے کی رقم جمع کرانے کا حکم دیا۔ جرمانہ جمع کرانے کی 60 دن کی ڈیڈ لائن کے بعد ، کمپٹیشن کمیشن نے کمپنی کو ریکوری نوٹس بھیجا جس کی تعمیل میں کمپنی نے جرمانہ جمع کرایا۔