لاہور ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ چینی تعاون پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔عوامی جمہوریہ چین کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر، وزیراعلیٰ مریم نواز نے چین کے عوام کو خصوصی مبارکباد دی اور چینی صدر شی جن پنگ اور ان کے ساتھیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام برادر ملک چین کی 75ویں سالگرہ کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ چین اور پاکستان ایک مثالی ہمسایہ، بہترین دوست اور قابل قدر شراکت دار ہیں، اور پاک چین دوستی حکومت سے عوام کی سطح تک ایک ناقابل تردید حقیقت ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چینی تعاون سے پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام میں اضافہ ہو رہا ہے، اور دونوں ممالک سی پیک کی مشترکہ ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ چین نے عالمی سطح پر انسانی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے ایک مشترکہ روشن مستقبل کے ویژن کو فروغ دیا ہے۔