اسلام آباد ۔معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے پارلیمنٹ ہاﺅس کا دورہ کیا اور سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی ، ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی اور دیگر اہم امور پرتبادلہ خیال کیا گیا ،ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں۔ ایاز صادق نے اسلام کو مکمل ضابطہ حیات قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات امن، رواداری، اور محبت کا پیغام دیتی ہیں، اور امت مسلمہ کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلنے کی ضرورت ہے۔
سپیکر نے مزید کہا کہ آئین پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں اور پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ موجود ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا حل اتحاد بین المسلمین اور یکجہتی میں پوشیدہ ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا دین ہے اور انہوں نے اتحاد بین المسلمین کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ملاقات کے بعد، اسپیکر ایاز صادق کے ہمراہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایوان کا دورہ بھی کیا۔