تل ابیب ۔اسرائیل نے لبنان پر زمینی حملہ کردیا ہے، جس کے نتیجے میں لبنانی فوج نے سرحدی علاقے سے اپنے مورچے چھوڑ کر بھاگ گئی۔بیروت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں ٹینکوں اور توپ خانے کے ذریعے حملے شروع کیے ہیں۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ فوج جنوبی لبنان کے دیہاتوں میں مخصوص نشانے پر محدود کارروائیاں کرے گی۔ عرب میڈیا کے مطابق، اسرائیلی فوج نے لبنانی سرحد کے قریب موجود بستیوں کو فوجی چھاؤنیوں کا درجہ دے دیا ہے۔
دوسری جانب، لبنانی فوج اسرائیلی سرحد سے 5 کلومیٹر پیچھے ہٹ گئی ہے، انہوں نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی سرحد پر کئی مورچے چھوڑ دیے ہیں۔حزب اللہ کے عبوری سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے خلاف ہماری کارروائیاں بڑھیں گی۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق، امریکی حکام نے کہا ہے کہ اسرائیل لبنان کی سرحد پر محدود کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان میتھیو ملر نے صحافیوں کو بتایا کہ اسرائیل نے ہمیں آگاہ کیا ہے کہ وہ لبنان کی سرحد کے قریب حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہا ہے۔