لاہور: حکومت پنجاب نے لیگی پارلیمانی سیکرٹریز کے لیے کروڑوں روپے کی قیمت پر لگژری گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، مسلم لیگ ن کے نامزد کردہ پارلیمانی سیکرٹریز اور افسران کے لیے 61 کروڑ 24 لاکھ 75 ہزار روپے کی لاگت سے 76 لگژری گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔
پارلیمانی سیکرٹریز کے لیے 22 کروڑ روپے کی قیمت پر 29 لگژری گاڑیاں خریدی جائیں گی، جبکہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے لیے 9 کروڑ 96 لاکھ روپے کی لاگت سے 15 گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے 76 لگژری گاڑیوں کی خریداری کی درخواست دی تھی، اور ایس اینڈ جی اے ڈی نے پروٹوکول کے لیے 3 کروڑ 61 لاکھ روپے کی قیمت پر دو لگژری گاڑیاں بھی خریدنے کا ارادہ کیا ہے۔
مزید یہ کہ صوبائی وزراء کے پروٹوکول کے لیے 20 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے 30 لگژری گاڑیاں بھی خریدنے کا منصوبہ ہے۔