لندن۔ارجنٹائن فٹ بال ٹیم کے گول کیپر ایمیلیانو ڈیبو مارٹینیز غیر اخلاقی اشاروں کی وجہ سے فیفا کے قوانین کی خلاف ورزی پر مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ایمیلیانو مارٹینیز پر فیفا نے نامناسب رویے کے باعث دو میچوں کی پابندی لگا دی ہے، جس کی تصدیق ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن نے کی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، آسٹن ولا کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز چلی کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائنگ مقابلوں میں جیت کے بعد غیر اخلاقی حرکت کرتے ہوئے پائے گئے، جس کے نتیجے میں فیفا نے ان پر 2 میچوں کی پابندی عائد کی۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب مارٹینز نے تنازعہ پیدا کیا ہو۔ اس سے قبل 2022 کے فیفا ورلڈ کپ فائنل میں انہوں نے فرانس کے خلاف ارجنٹائن کی جیت کے بعد گولڈن گلوو ٹرافی کو غیر اخلاقی اشارے کے لیے استعمال کیا تھا، جس کی وجہ سے انہیں سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اب دوبارہ وہی غیر اخلاقی حرکت کرنے پر فیفا نے ان کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے پابندی عائد کر دی ہے۔ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن (اے ایف اے) نے فیفا کی ڈسیپلن کمیٹی کے اس فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور اعتراض اٹھایا ہے۔رپورٹ کے مطابق، ارجنٹائن کے گول کیپر وینزویلا اور بولیویا کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائرز کھیلنے سے محروم رہیں گے۔