راولپنڈی ۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی میں تاجر برادری سے ملاقات کی، جس میں معیشت سے متعلق اہم امور زیر بحث آئے۔ اس ملاقات کے دوران آرمی چیف نے ایک سال پہلے کے اپنے الفاظ کو دہرایا، کہ “مایوس مت ہوں، مایوسی گناہ ہے، پاکستان کی خوشحالی کے بارے میں کبھی اُمید نہ چھوڑیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی ناکام کوششوں کو اجتماعی کوششوں سے شکست دی جا سکتی ہے، اور پاکستان مختلف شعبوں میں غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے پناہ وسائل اور صلاحیتوں کی بنیاد پر پاکستان عالمی سطح پر اپنا جائز مقام حاصل کرنا چاہتا ہے۔
سید عاصم منیر نے کہا کہ مغربی سرحد پر اسمگلنگ پر قابو پانے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں، اور فوج غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کے لیے پُرعزم ہے۔ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ برادر ممالک چین، سعودی عرب، اور یو اے ای کی جانب سے پاکستان کی معاشی بحالی میں کردار قابلِ ستائش ہے۔
آرمی چیف نے کہاکہ گوگل اور دیگر بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، اور کاروباری برادری کے تعاون کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہیں تھیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل پر سب کو غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہیے، اور کراچی کی کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ ملاقات کے دوران انہوں نے تاجر برادری کو ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت بھی دی۔