راولپنڈی میں پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان احتجاج کے دوران جھڑپیں شروع ہوگئیں، جس کے نتیجے میں علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کمیٹی چوک پر لگے کنٹینرز ہٹا دیے اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے لیاقت باغ کی جانب مارچ شروع کر دیا۔
پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس شیلنگ کا سہارا لیا، جس کے بعد صورتحال مزید بگڑ گئی۔ مری روڈ اور کمیٹی چوک میں دونوں جانب سے شدید تصادم جاری ہے، جہاں کارکن پولیس پر پتھراؤ کر رہے ہیں۔ پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے۔
آنسو گیس کے شیل قریبی گھروں میں بھی جاگرے ہیں، جس کے باعث وہاں موجود خواتین اور بچوں کی حالت غیر ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ میڈیا کے نمائندے بھی شیلنگ کی زد میں آ رہے ہیں۔
کمیٹی چوک میں پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان مقابلہ جاری ہے، جہاں کارکن نعرہ بازی کرتے ہوئے آنسو گیس کے شیل واپس پھینک رہے ہیں۔ مری روڈ سے لیاقت باغ تک صورت حال کشیدہ ہے، اور پی ٹی آئی کارکنوں نے ریالٹو چوک پر بھی پولیس پر حملہ کیا ہے۔
دوسری جانب، پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا کو ایچ 13 کے قریب سے گرفتار کر لیا گیا ہے، جہاں وہ راولپنڈی جا رہے تھے۔