لاہور۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مینار پاکستان پر جلسہ منعقد کرنے کی اجازت نہ ملنے کے بعد پارٹی کی قیادت نے نئی حکمت عملی ترتیب دینا شروع کر دی ہے۔ اب پی ٹی آئی نے اعلان کیا ہے کہ یونین کونسل کی سطح پر چھوٹے اجتماعات، جلسے اور احتجاجی مارچز کا اہتمام کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ ملک نے بتایا کہ صوبے بھر میں 10 اپریل کو احتجاجی مارچ کیا جائے گا۔ لاہور میں یہ مظاہرہ دوپہر 1 بجے جی پی او چوک سے شروع ہو کر پنجاب اسمبلی تک پہنچے گا۔
عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج پارٹی کے بانی کو غیر قانونی طور پر جیل میں رکھنے کے خلاف کیا جا رہا ہے۔
بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے ماہانہ جیل اخراجات 7 لاکھ روپے تک پہنچ گئے
ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ دو برسوں سے بے بنیاد الزامات کے تحت حراست میں رکھا گیا ہے، اور عدالتی نظام سے انصاف نہ ملنے کی وجہ سے اب عوام کو سڑکوں پر آواز بلند کرنا ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت سے خائف ہے اور پارٹی کے بانی کی محض تصویر سے بھی لرزاں ہے۔ عالیہ حمزہ نے واضح کیا کہ اب ہر یونین کونسل کی سطح پر عوامی جلسے اور سیاسی سرگرمیاں منظم کی جائیں گی۔
پی ٹی آئی قیادت کا کہنا ہے کہ وہ اپنی عوامی مہم کو مزید مؤثر بنائے گی اور عوام کو ملک کی موجودہ صورتحال سے باخبر رکھنے کے لیے تمام دستیاب ذرائع بروئے کار لائے گی۔