لاہور ۔آئی سی سی کے ایوارڈ یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ڈومیسٹک امپائرنگ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔علیم ڈار 25-2024 کے ڈومیسٹک سیزن کے اختتام پر امپائرنگ سے کنارہ کشی اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سماجی کاموں اور اسپتال کے منصوبے پر توجہ دینا چاہتے ہیں، اور لوکل امپائرز کی رہنمائی کے لیے ہمیشہ دستیاب رہیں گے۔علیم ڈار کا شاندار کریئر ایک چوتھائی صدی پر محیط ہے۔ وہ آئی سی سی کے “امپائر آف دی ایئر” ایوارڈ کے 2009 سے 2011 تک تین بار فاتح رہے ہیں۔ علیم نے 1986 سے 1998 کے دوران 17 فرسٹ کلاس اور 18 لسٹ اے میچز کھیلے۔ انہوں نے 1998 کی قائداعظم ٹرافی کے دوران فرسٹ کلاس امپائرنگ کا آغاز کیا۔ 2003 سے 2023 تک، انہوں نے آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائرز کے طور پر خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے اپنی انتظامی مہارت، کھیل کے حالات کی تفہیم، پرسکون رویے، اور بہترین فیصلہ سازی کے لیے عالمی شہرت حاصل کی۔علیم ڈار نے اب تک ریکارڈ 145 ٹیسٹ، 231 ون ڈے انٹرنیشنل، 72 ٹی20 انٹرنیشنل، 5 ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل، 181 فرسٹ کلاس میچز، اور 282 لسٹ اے میچز میں امپائرنگ کی ہے۔