اسلام آباد: سوشل میڈیا پر حکومت پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف منظم اور تخریبی پروپیگنڈہ مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر قیادت جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کا اجلاس منعقد ہوا۔ جے آئی ٹی نے اب تک آٹھ افراد کو تحقیقات کے لیے طلب کیا ہے۔ اگلی میٹنگ میں جبران الیاس کو طلب کیا گیا ہے، جو اس منفی اور تخریبی مہم میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس کے ساتھیوں کے بارے میں بھی اہم شواہد ملے ہیں اور مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جبران الیاس بیرون ملک بیٹھ کر ملک کے اندرونی اور بیرونی عناصر کے ساتھ مل کر ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری منفی مہم میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ جبران الیاس ملک میں عدم استحکام، امن و امان کی صورتحال بگاڑنے، اور عوام کے درمیان نفرت پھیلانے کے مختلف طریقوں میں شامل ہے۔