اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے تجارت، سیاحت، تعلیم، سرمایہ کاری اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے عزم کا اظہار کیا۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے درمیان دو طرفہ ملاقات ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان قائم تاریخی اور مضبوط تعلقات کے مزید فروغ پر زور دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر مالدیپ کے ساتھ تجارت، سیاحت، تعلیم، سرمایہ کاری اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کی توثیق کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اپنے ممالک میں اقتصادی ترقی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے عوامی روابط اور باہمی تعاون کی کوششوں میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے خطے کے امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے اور جنوبی ایشیائی ممالک کی مشترکہ ذمہ داریوں پر تبادلہ خیال کیا اور زیر بحث آنے والے امور پر ہم آہنگی ظاہر کی۔