لاہور: پنجاب حکومت نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے داخلہ ٹیسٹ ایم ڈی کیٹ میں نقل کی روک تھام کے لیے اہم اقدام کیا ہے، جس کے تحت داخلہ ٹیسٹ کے دوران موبائل فونز اور انٹرنیٹ سروسز کو معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزارت داخلہ نے حکومت پنجاب کی تجویز پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ہدایات جاری کر دیں ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے محکمہ صحت کی سفارش پر وفاقی حکومت کو ایک مراسلہ بھیجا تھا۔
موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کے لیے پنجاب کے 26 امتحانی مراکز کی لوکیشن کوآرڈینیٹس پی ٹی اے کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ داخلہ ٹیسٹ کے لیے پنجاب کے 12 اضلاع میں 26 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں 500 میٹر کی حدود میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل رہیں گی۔
یہ امتحانات اتوار، 22 ستمبر کو پنجاب کے 12 شہروں میں منعقد ہوں گے، جن میں 82,500 امیدوار شرکت کریں گے۔ یہ اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، ساہیوال، راولپنڈی، سرگودھا، گجرات اور رحیم یار خان شامل ہیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق، امتحانی مراکز کے ارد گرد موبائل سگنلز صبح 9:30 سے دوپہر 1:30 تک معطل رہیں گے۔