کیلیفورنیا: ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر ہونے والی ایک نئی تبدیلی نے صارفین کے غصے کو بھڑکا دیا ہے۔ گوگل نے ویڈیو کو روکے جانے (پاز کیے جانے) پر اشتہارات دکھانا شروع کر دیے ہیں، جو کہ خاص طور پر ٹی وی پر پیش کیے گئے ہیں۔
یہ نیا اشتہاری فارمیٹ صارفین کے لیے خاصا ناگوار ثابت ہوا ہے۔ ویڈیو کو پاز کرنے پر اسکرین کی دائیں جانب ‘ایڈ کارنر’ میں اشتہار دکھائی دے گا، جس میں پروموشنل گرافکس اور ایک ڈس مس بٹن بھی شامل ہوگا۔
اس تبدیلی سے پہلے، یوٹیوب نے ایڈ بلاکرز کے خلاف سخت کارروائی کی تھی۔ اگر صارفین ویڈیو کے دوران اشتہارات سے بچنا چاہتے ہیں تو انہیں یوٹیوب پریمیم سروس خریدنی ہوگی، جس کی قیمت 14 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر صارفین نے اس تبدیلی پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے کہا کہ وہ ایک کمپیوٹر خریدنے کا سوچ رہے ہیں تاکہ ایڈ بلاکر حاصل کر سکیں۔ دوسرے صارف کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ بہتر ہونے کے بجائے مزید بدتر ہوگا۔