سکردو ۔کے ٹو پہاڑ کی پرمٹ فیس میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، غیر ملکیوں کے لیے موسم خزاں میں کے ٹو کے پرمٹ کی فیس 2500 ڈالرز اور موسم سرما میں 1500 ڈالرز مقرر کر دی گئی ہے۔پاکستانی کوہ پیماؤں کے لیے، کے ٹو کی پرمٹ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ غیر ملکیوں کے لیے ٹریکنگ فیس بھی 100 ڈالرز سے بڑھا کر 300 ڈالرز کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہر پرمٹ پر کوہ پیما صرف ایک ہی پہاڑ کی مہم جوئی کر سکتا ہے، اور اگر کسی کو ایک سے زیادہ پہاڑوں کی مہم جوئی کرنی ہو تو اسے الگ الگ پرمٹ حاصل کرنا ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق، گروپ کے ممبران کی تعداد 20 سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے، اور ہائی ایلٹیوڈ پورٹرز کے لیے انشورنس کی رقم 20 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔