لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ صوبے کو پلاسٹک بیگز سے پاک کرنے کی مہم پر عمل درآمد جاری ہے۔ گزشتہ دو ماہ میں 77 ٹن پلاسٹک بیگز ضبط کر کے تلف کر دیے گئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ محکمہ ماحولیات کے عملے نے لاہور میں چھاپے مارے اور قانون کی خلاف ورزی پر پلاسٹک بیگز کو قبضے میں لے لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائی بلا تفریق جاری رہے گی، اور پلاسٹک بیگز سے پنجاب کو پاک کرنے کے منصوبے پر تیزی سے عمل ہو رہا ہے۔ وزیر نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ محکمہ ماحولیات کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرے تاکہ پلاسٹک بیگز کے خاتمے اور ماحول کی بہتری کے اقدامات کو فروغ دیا جا سکے۔