اسلام آباد ۔ملائیشیا کی معروف سستی ایئر لائن ’ایئر ایشیا ایکس‘ نے پاکستان میں اپنے آپریشنز کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس سے پاکستان اور ملائیشیا کے مابین سفری روابط میں اضافہ ہو گا۔ کراچی سے کوالالمپور کے لیے براہ راست پروازیں 30 مئی سے شروع ہوں گی۔
یہ اعلان کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک افتتاحی تقریب میں کیا گیا، جس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ، اور ملائیشیا کے قونصل جنرل ہرمن ہاردیناتا احمد سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس موقع پر سروس کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیا روٹ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “یہ نئی کنیکٹیویٹی نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان روابط کو بڑھائے گی بلکہ کاروبار اور سیاحت کے مواقع بھی فراہم کرے گی۔”
ایئر ایشیا ایکس کے سی ای او بنجمن اسماعیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ایئر لائن کراچی اور کوالالمپور کے درمیان ہر ہفتے پیر، بدھ، جمعہ اور اتوار کو 4 راؤنڈ ٹرپ پروازیں چلائے گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ابتدائی طور پر یک طرفہ ٹکٹ کی قیمت 55,800 روپے مقرر کی گئی ہے، اور ابتدائی بکنگ پر 20 فیصد رعایت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
ایئر ایشیا ایکس نے اپنے پاکستان آپریشنز کے ذریعے سالانہ 100,000 سے زائد مسافروں کو خدمات فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس کا مقصد کاروباری اور تفریحی مسافروں کے لیے سستی اور معیاری سفری سہولتیں فراہم کرنا ہے۔