اسلام آباد ۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے اعتراف کیا ہے کہ عثمان بزدار کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ نامزد کرنا پارٹی کی ایک بڑی غلطی تھی، اور اس فیصلے پر انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ایک حالیہ گفتگو کے دوران اسد عمر نے بتایا کہ ایک دن بانی تحریک انصاف نے خوشی سے کہا کہ انہوں نے پنجاب کے لیے ایک بہترین وزیر اعلیٰ چن لیا ہے۔ جب اسد عمر نے تجسس سے پوچھا کہ وہ شخصیت کون ہے تو جواب میں نام آیا: عثمان بزدار۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ چونکہ انہوں نے پہلے یہ نام نہیں سنا تھا، اس لیے دوبارہ حیرت سے پوچھا کہ یہ کون ہیں؟ بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا، “وہ عثمان بزدار ہے، جس کے گھر میں بجلی بھی نہیں ہے۔”
اسد عمر نے اس بات کو ہلکے پھلکے انداز میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے اور اہم صوبے کی سربراہی کے لیے ایسی شخصیت کا انتخاب تحریک انصاف کی سیاسی بصیرت پر سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے۔ ان کے بقول، اس فیصلے کے منفی اثرات پارٹی کو طویل مدت تک برداشت کرنا پڑے۔