لاہور: پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا حالیہ پروگرام پاکستان کے لیے آخری ثابت ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت ترقی کے لیے تیار ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ایک معاشی طاقت کے طور پر ابھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا مثبت ردعمل معاشی ترقی کے لیے خوش آئند ہے اور اس کا حالیہ پروگرام آخری ہوگا۔ مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروبار اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں ضروری اشیاء خوردونوش کے نرخ دیگر صوبوں کی نسبت سب سے کم ہیں اور مہنگائی میں کمی آنے سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔