چین: ایشین چیمپیئنز ہاکی میں پاکستان اور کوریا کے درمیان میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو دو گول سے برابر ہوگیا۔ چین کے شہر ہولینبیور میں دوسرے کوارٹر کے آغاز میں کوریا کے جنگوان نے ایک گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلائی۔ بعدازاں کھیل کے آخری کوارٹر کے آخری لمحات میں حنان شاہد نے دو فیلڈ گول اسکور کرکے پاکستان کو سبقت دلائی۔ تاہم، کوریا کے سونگیان نے آخری وقت میں گول کرکے میچ کو دو دو گول سے برابر کر دیا۔ اس سنسنی خیز میچ کے آخری لمحات میں تین منٹ کے دوران تین گول ہوئے۔ حنان شاہد کی شاندار پرفارمنس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم کا ملائیشیا کے خلاف میچ بھی برابری پر ختم ہوا تھا، اور پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا میچ 11 ستمبر کو جاپان کے خلاف کھیلے گی۔