اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی اسلام آباد نے ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس سے پہلے، ڈی سی اسلام آباد کی زیر صدارت انسداد پولیو کے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا جس میں ڈی ایچ او اسلام آباد اور اے ڈی سی ایسٹ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں پانچ دن تک گھر گھر جا کر پولیو مہم جاری رکھی جائے گی، جو 9 ستمبر سے 13 ستمبر تک چلے گی۔ 14 اور 15 ستمبر کو باقی رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کا ہدف 4 لاکھ 21 ہزار 455 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا مقرر کیا گیا ہے۔ اجلاس میں پولیو ٹیمز کی سیکورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈی سی عرفان میمن نے کہا کہ پولیو ٹیمیں شہر کے ہر علاقے اور ہر گھر تک پہنچیں گی۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔