انگلش آل راؤنڈر معین علی نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ انھوں نے آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والی وائٹ بال سیریز میں منتخب نہ ہونے پر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، معین علی نے انگلینڈ کی طرف سے 68 ٹیسٹ، 138 ون ڈے اور 92 ٹی20 میچز کھیلے ہیں۔ انہوں نے اپنی عمر 37 برس کے ہونے اور حالیہ سیریز کے لئے منتخب نہ ہونے کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ معین علی نے کہا، “میں نے انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے بہت کرکٹ کھیلی ہے، اور اب نئی نسل کا وقت آگیا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ ریٹائرمنٹ کا صحیح وقت ہے۔”
معین علی نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 6678 رنز بنائے، جن میں 8 سنچریاں اور 28 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر 366 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ آخری بار انہوں نے انگلینڈ کی نمائندگی ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کی، جہاں ان کی ٹیم بھارت کے خلاف ہار گئی تھی۔