لاہور: معروف پاکستانی گلوکارہ صنم ماروی نے اپنی چوتھی شادی کا باضابطہ اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ انتہائی خوش ہیں۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں بطور مہمان شریک ہوکر صنم ماروی نے اپنی ذاتی زندگی، طلاق اور بچوں کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی۔
صنم ماروی نے بتایا کہ اپنے پہلے شوہر کے انتقال کے بعد، انہوں نے اپنی خالہ کے بیٹے سے دوسری شادی کی تھی۔ ابتدائی طور پر یہ جوڑا گاؤں میں مقیم تھا، لیکن صنم کے میوزک کیریئر کی ترقی کے باعث وہ لاہور منتقل ہوگئے تھے۔
گلوکارہ نے بتایا کہ اپنے کیریئر کی ابتدا کے دوران، ان کے دوسرے شوہر کی متعدد گرل فرینڈز تھیں، لیکن اس وقت ان کے پاس صبر کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا کیونکہ وہ خود اس وقت ایک معروف گلوکارہ نہیں تھیں۔
صنم ماروی نے کہا کہ جب انہوں نے اپنے کیریئر میں کامیابی حاصل کی اور خودمختار ہو گئیں تو اپنے شوہر کی دوسری خواتین سے تعلقات اور ان کی جانب سے تشدد کو مزید برداشت نہیں کیا۔ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے شوہر سے خلع لینے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ شادی کو بچانے کے لیے انہوں نے بہت کچھ سہا، مگر جب حالات ناقابلِ برداشت ہو گئے، تو انہوں نے خلع کا فیصلہ کیا۔
صنم ماروی نے کہا کہ شوہر سے خلع کے بعد بچوں کی حوالگی کا کیس کافی عرصے تک عدالت میں چلتا رہا، مگر آخرکار انہوں نے بچوں کی بھلائی کے لیے کیس سے دستبرداری اختیار کر لی۔
فی الحال، صنم ماروی کے تین بیٹے اپنے والد کے ساتھ لاہور میں رہائش پذیر ہیں، جبکہ ان کی بیٹی ان کے ساتھ رہتی ہے۔
صنم ماروی نے اپنی چوتھی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں ان کے اہلخانہ نے ان کی شادی کروائی۔ ان کے شوہر کا نام خبیب ہے، جو ایک بہت ہی عمدہ انسان ہیں، اور صنم اپنی ازدواجی زندگی میں خوش ہیں۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ صنم ماروی نے 18 سال کی عمر میں اپنی پہلی شادی کی تھی، لیکن ان کے پہلے شوہر آفتاب احمد کو 2009 میں کراچی میں قتل کر دیا گیا تھا۔
آفتاب احمد کے قتل کے وقت صنم ماروی اپنے پہلے بچے کے ساتھ حاملہ تھیں۔ بعد میں، انہوں نے اپنی خالہ کے بیٹے حامد خان سے دوسری شادی کی، جن سے ان کے تین بیٹے ہیں، جو اب اپنے والد کے ساتھ رہتے ہیں۔
دوسرے شوہر سے خلع کے بعد، صنم ماروی نے حبیب قریشی سے خفیہ نکاح کیا، لیکن 2023 میں انہوں نے اپنے تیسرے شوہر سے بھی علیحدگی اختیار کر لی۔