وفاقی حکومت نے ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے درآمدی ایل این جی پر عائد ٹیکسز میں کمی لانے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، درآمدی ایل این جی پر بھاری ٹیکسز اور پورٹ چارجز کا انکشاف ہوا ہے، جس کی بنا پر فی ایم ایم بی ٹی یو ایل این جی کی قیمت 15 ڈالر کے قریب پہنچ جاتی ہے، جبکہ درآمدی قیمت 11 ڈالر ہے۔ فی ایم ایم بی ٹی یو ایل این جی پر 4 ڈالر کے چارجز اور ٹیکسز عائد کیے جا رہے ہیں۔
وزارتِ پیٹرولیم نے چارجز اور ٹیکسز میں کمی کے لیے ابتدائی ورکنگ شروع کر دی ہے اور پورٹ چارجز کم کرانے کے لیے وزارت جہاز رانی و بندرگاہ سے رابطہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پورٹ چارجز کم ہو جاتے ہیں تو ایل این جی کی قیمتوں میں واضح کمی ممکن ہے، کیونکہ پاکستانی بندرگاہوں پر ایل این جی کے پورٹ چارجز خطے میں سب سے زیادہ ہیں۔
بجلی فی یونٹ 6 روپے سستی،حکومت نے پلان آئی ایم ایف کو بھجوا دیا
وزارت پیٹرولیم گیس کی یکساں قیمت کے لیے بھی پورٹ چارجز کم کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس اقدام سے درآمدی ایل این جی کی قیمت 2800 روپے ہو جائے گی، جبکہ موجودہ قیمت 3600 روپے ہے اور مقامی گیس کی قیمت 1200 روپے ہے۔ گیس کی یکساں قیمت کے فارمولے کے تحت ایوریج قیمت 1800 روپے ہو جائے گی، جس کے نتیجے میں بجلی کی قیمتیں بھی کم ہوں گی اور ٹیرف کے فرق پر صوبوں کے اعتراضات بھی دور ہو جائیں گے۔