اسلام آباد ۔ڈینش کمپنی ایف ایل اسمڈتھ نے پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ڈینش سفیر کی سربراہی میں کاروباری افراد کے وفد نے وفاقی وزرا سے ملاقات کی ہے، وزرامیں محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، مصدق ملک اور جام کمال شامل ہیں۔غیرملکی کاروباری وفد کو بتایا گیا کہ پاکستان میں معدنی وسائل کے وسیع ذخائر ہیں،سرمایہ کاری ہوسکتی ہے، ڈینش کمپنی ایف ایل اسمڈتھ کا کان کنی میں دنیا بھر میں اہم مقام ہے۔ ڈینش سفیر نے کہا کہ ڈنمارک 30 سال سے پاکستان میں کئی منصوبوں پر کام کررہا ہے۔سی ای او ایف ایل اسمڈتھ نے کہا کہ پاکستان میں مائننگ کے منصوبوں پر کام کریں گے، وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے سرمایہ کاروں کوہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا کہ ڈنمارک سے سرمایہ کاری حوصلہ افزاہے،مثبت نتائج آئیں گے، حکومت نجی شعبے کے تعاون سے کاروباری سرگرمیاں بڑھانا چاہتی ہے، مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان معدنیات کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور ریسرچ اورٹریننگ کے مواقع پر بھی کام کریں گے۔وزیرتجارت جام کمال نے کہا کہ ڈنمارک کے تعاون اور کاروباری سرگرمیوں سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی، ڈنمارک پاکستان کا انتہائی اہم کاروباری شراکت دار ہے،تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں۔