تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ممکنہ ایرانی حملے کے خطرے کے پیش نظر رمات ڈیوڈ ایئربیس کا معائنہ کیا اور دفاعی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے فضائی اڈے کے دورے پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے اور ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
نیتن یاہو نے مزید کہا کہ میں یہاں آج اس لیے ہوں تاکہ قریب یا دور سے ہونے والے حملوں کے خلاف ہماری تیاریوں کا جائزہ لے سکوں۔ مجھے اطمینان ہے کہ ہم اپنے ملک کا دفاع کرنے یا جوابی حملہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
اسی دوران اسرائیلی انٹیلی جنس چیف شلومی بائنڈر نے کہا کہ ہم اس وقت غزہ میں ایک طویل اور مشکل جنگ لڑ رہے ہیں جو ممکنہ طور پر لبنان تک پھیل سکتی ہے۔ ہم اپنے 109 یرغمالیوں کی رہائی تک جنگ جاری رکھیں گے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ میں ایرانی مشن اور پاسداران انقلاب نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اسرائیل پر حملہ کرکے بھرپور جواب دیا جائے گا، چاہے اس میں جتنا وقت بھی لگے۔