کیلیفورنیا۔ —ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی میٹا نے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کی حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے حوالے سے پوسٹ ہٹانے پر معافی مانگ لی ہے۔
پچھلے روز ملائیشیا کے وزیر اعظم آفس نے پوسٹ ہٹانے پر میٹا کے نمائندوں کو وضاحت کے لیے طلب کیا تھا۔ جس کے بعد منگل کے روز کمپنی نے معذرت پیش کی۔
اے ایف پی کو جاری کردہ بیان میں میٹا نے کہا کہ آپریشنل مسائل کی بنا پر کمپنی فیس بک اور انسٹاگرام پر وزیر اعظم کی پوسٹ ہٹانے پر معذرت خواہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعظم کی پوسٹ کو صحیح لیبل کے ساتھ دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم کی پوسٹ میں ایک ویڈیو بھی شامل تھی جس میں وہ حماس کے اہلکار سے فون پر تعزیت پیش کر رہے تھے۔
انسٹاگرام پر میٹا نے ایک نوٹ شیئر کیا تھا جس میں لکھا تھا کہ پوسٹ کو خطرناک افراد اور تنظیموں سے متعلق ہونے کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے۔