لاہور۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، اور ہم تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہمارا مقصد اس ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانا ہے۔ انہوں نے سلیکشن کمیٹی کے ساتھ حالیہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے اسکواڈ کا اعلان آج کر دیا جائے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ سرحد پار کچھ لوگ ہر چھوٹے سے معاملے پر تنقید کرتے ہیں، لیکن ہم اپنے کام میں مصروف ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف 7 فروری کو قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے، جبکہ صدر مملکت آصف زرداری 11 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان آج متوقع ہے، اور اس میں کئی اہم کھلاڑی شامل ہو سکتے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہم نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیموں کے ساتھ بورڈ حکام اور آئی سی سی آفیشلز کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ صائم ایوب کی صحت میں بہتری آرہی ہے، لیکن انہیں مکمل صحت یاب ہونے میں 3 سے 4 ہفتے لگ سکتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے یہ بھی بتایا کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھا دی گئی ہے، اور وہاں نصب کی گئی سیٹیں چین سے منگوائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیمز کے کام بروقت مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کچھ لوگوں کے خواب ٹوٹے ہیں، لیکن اس کے باوجود اسٹیڈیم کے ورکرز 8 فروری کو لاہور میں میچ دیکھنے آئیں گے۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ پی سی بی کی پوری ٹیم چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں میں مصروف ہے، اور افتتاحی تقریب 16 فروری کو ہوگی۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ پی سی بی حکومت سے کسی قسم کا پیسہ نہیں لیتا اور آئی سی سی کے تمام پاسز فروخت کر رہا ہے تاکہ ریونیو بڑھ سکے اور اسٹیڈیم کی بہتری کے لیے کیے گئے اخراجات پورے ہو سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کا مورال بلند ہے اور انشا اللہ اچھے نتائج آئیں گے۔