مظفر آباد۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں دو کارکنان زخمی ہو گئے۔
پبلک ریلیشنز آفیسر کے مطابق اسپیکر چوہدری لطیف اکبر فائرنگ کے دوران محفوظ رہے، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
چوہدری مراد، پی آر او اسپیکر اسمبلی، کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسپیکر چوہدری لطیف اکبر اپنے انتخابی حلقے ککلیوٹ میں ایک سیاسی پروگرام میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے بتایا کہ اُن کے قافلے پر اُس وقت حملہ کیا گیا جب وہ ایک شمولیتی پروگرام میں شرکت کے لیے روانہ تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تین دن قبل مخالفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر دھمکیاں دی جا رہی تھیں، جس کے بارے میں انتظامیہ اور پولیس کو آگاہ کیا گیا تھا، لیکن کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔