اسلام آباد۔پی ٹی سی ایل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ زیر سمندر کیبل کی خرابی کو دور کر دیا گیا ہے اور انٹرنیٹ خدمات اب مکمل طور پر بحال ہو چکی ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق، پی ٹی سی ایل نے اے اے ای-1 سب میرین کیبل کی خرابی کے باعث ہونے والی انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کو ریکارڈ وقت میں درست کر دیا ہے۔ اب انٹرنیٹ خدمات مکمل طور پر فعال ہیں اور براؤزنگ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پی ٹی سی ایل نے اضافی بینڈ وڈتھ فراہم کی تاکہ مسئلے کے دوران صارفین کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔ خرابی دور ہونے کے بعد میٹا سروسز، جن میں واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام شامل ہیں، پوری طرح فعال ہو چکی ہیں اور صارفین کو ہموار تجربہ فراہم کر رہی ہیں۔
پی ٹی اے اور پی ٹی سی ایل کی ٹیموں نے مکمل رابطے کی بحالی کے لیے انتھک محنت کی۔ پی ٹی سی ایل نے اپنے صارفین کے صبر و تحمل اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔