کراچی۔چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے پاکستان کے نوجوانوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کےزیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OICCI) کی قیادت سے ملاقات کی۔
ملاقات میں مستقبل کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران ملاقات پاکستان کو بیرون ملک سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کے طریقوں پر توجہ مرکوز کی گئی اور نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ اور ہنر مندی کو فروغ دینے کے اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاءنے پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور طویل مدتی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان مضبوط شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خاں نے پاکستان کی معیشت کو تقویت دینے میں OICCI کے کردار کو سراہا۔ “ہمارے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہمارے ملک کے مضبوط، خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے ضروری ہے۔ OICCI جیسے شراکت داروں کے ساتھ، ہم ایسے مواقع اور ماحول پیدا کر سکتے ہیں جو ہمارے نوجوانوں کو ترقی کی منازل طے کرنے کے قابل بنائے،” انہوں نے کہا، پرائم منسٹر زیوتھ پروگرام ان اقدامات میں سرفہرست رہا ہے جس کا مقصد ملک کے نوجوانوں کو تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور اور باعزت روزگار کے ذریعے ترقی دینا ہے۔
OICCI کے ساتھ یہ میٹنگ ملک کی متحرک، نوجوان آبادی کی مدد کے لیے عالمی مہارت اور سرمایہ کاری لا کر ان کوششوں کو وسعت دینے کے لیے ایک نئے عزم کا اشارہ دیتی ہے۔اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں OICCI کے چیف ایگزیکٹو اور سیکرٹری جنرل جناب عبدالعلیم اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کاشف شفیع شامل تھے۔