لندن۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگلے برس پاکستان میں ہونے والی چیمپئینز ٹرافی کے لیے انعامی رقم کا اعلان نہیں کیا، تاہم گزشتہ ایڈیشن میں فاتح ٹیم کو 2.2 ملین ڈالر کی انعامی رقم دی گئی تھی۔
آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2024 کا شیڈول باضابطہ طور پر جاری کر دیا گیا ہے، جو ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا۔ یہ ایونٹ 19 فروری کو کراچی میں شروع ہوگا اور 9 مارچ کو فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی اور کل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ پاکستان میں راولپنڈی، لاہور اور کراچی اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں گے، اور ہر وینیو پر 3 گروپ میچز کھیلے جائیں گے۔
2017 میں انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والی چیمپئینز ٹرافی کے لیے 4.5 ملین ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی تھی، جس میں فاتح پاکستان کو 2.2 ملین ڈالر جبکہ رنر اپ بھارت کو 1.1 ملین ڈالر دیے گئے تھے۔ دیگر دو سیمی فائنلسٹ کو 450,000 ڈالر ملے تھے، اور ہر گروپ میں تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 90,000 ڈالر، جبکہ آخری نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 60,000 ڈالر دیے گئے تھے۔
اس بار توقع کی جا رہی ہے کہ انعامی رقم 2017 کے مقابلے میں دوگنا ہو جائے گا، کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز سے براڈکاسٹرز اور آئی سی سی کو بڑی آمدنی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ، پاک بھارت بورڈز کے درمیان چیمپئینز ٹرافی کے معاملے پر ہونے والی بحث نے ٹورنامنٹ کی ہائپ کو مزید بڑھا دیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان دفاعی چیمپئین کے طور پر اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کے لیے میدان میں اترے گا۔