پاکستانی اداکار فیروز خان، جو اپنی تند مزاجی اور تنازعات کی وجہ سے اکثر خبروں میں رہتے ہیں، اور ان کی دوسری اہلیہ ڈاکٹر زینب کے درمیان علیحدگی کی افواہیں ایک بار پھر زور پکڑ رہی ہیں۔
فیروز خان نے پہلی اہلیہ علیزہ سلطان سے طلاق کے بعد رواں سال مئی میں اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا تھا، لیکن اس مختصر مدت کے دوران ان کی دوسری شادی کے حوالے سے علیحدگی کی خبریں دو بار سامنے آ چکی ہیں۔
پانچ ستمبر کو، فیروز خان نے ڈاکٹر زینب کو انسٹاگرام پر اَن فالو کیا، جس کے بعد ان کی طلاق کی خبریں وائرل ہوگئیں۔ مداحوں نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ ان کی دوسری شادی بھی ناکام ہو گئی ہے۔ تاہم، کچھ ہی دیر بعد فیروز خان نے زینب کو دوبارہ فالو کرتے ہوئے ان افواہوں کو رد کر دیا۔
اب ایک بار پھر ان دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں گردش میں ہیں، اور اس بار وجہ زینب کی ایک مبہم انسٹاگرام اسٹوری بنی ہے۔
زینب کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی مبینہ اسٹوری کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے۔ اس میں لکھا تھا:
“یقیناً یہ میری زندگی کا سب سے مشکل فیصلہ تھا جو مجھے لینا پڑا۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے ایسا بیان دینا پڑے گا، لیکن میں اعلان کرنا چاہتی ہوں کہ میں اور فیروز اب ساتھ نہیں ہیں۔”
اس پوسٹ میں مزید کہا گیا:
“ہم نے اپنی راہیں جدا کر لی ہیں اور یہی ہمارے لیے بہتر ہے۔ میں ہمیشہ فیروز کا شکریہ ادا کرتی رہوں گی کہ انہوں نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا، لیکن بعض اوقات زندگی میں کچھ فیصلے بہت مشکل ہو جاتے ہیں۔ اللہ سے دعا ہے کہ وہ مجھے سکون اور صبر عطا کرے۔ دعاؤں کے ساتھ، زینب۔”
یہ اسٹوری پوسٹ کرنے کے بعد زینب نے اسے ڈیلیٹ کر دیا، لیکن اس کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
ایک صارف، ردا بلال، نے اس اسٹوری کو شیئر کرتے ہوئے فیروز اور زینب کو ٹیگ کیا اور اس خبر کی تصدیق چاہی۔ ردا نے دعویٰ کیا کہ قریبی ذرائع کے مطابق یہ معاملہ فی الحال چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اور زینب نے اسٹوری ہٹانے کا فیصلہ اسی وجہ سے کیا۔
یہ صورتحال فیروز خان اور زینب کے مداحوں کے لیے ایک بار پھر غیر یقینی کی فضا پیدا کر رہی ہے۔