لندن۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سمیت 2024 سے 2027 تک ہونے والے تمام بڑے کرکٹ ٹورنامنٹس ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلے جائیں گے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق، چیمپیئنز ٹرافی 2025 اور دیگر آئی سی سی ایونٹس (جو بھارت میں منعقد ہوں گے) کے دوران پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔ پاکستان کی ٹیم بھارت کا سفر نہیں کرے گی، جبکہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے آئی سی سی کے پیش کردہ مشروط معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے۔
اس معاہدے کے تحت، پاکستان میں 2025 کی مینز چیمپیئنز ٹرافی، بھارت میں 2025 کا ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ، اور بھارت و سری لنکا میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران پاک-بھارت میچز نیوٹرل وینیوز پر منعقد ہوں گے۔
مزید تفصیل: راولپنڈی اسٹیڈیم چیمپیئنز ٹرافی کے میچز کی میزبانی سے محروم ہو سکتا ہے۔
ہائبرڈ ماڈل کو اپنانے کی صورت میں، پاکستان کو 2028 میں ٹی20 ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی دی جا سکتی ہے۔
مزید جانیں: آئی سی سی نے ہائبرڈ ماڈل پر پاکستان کو مشروط پیشکش کی۔
ساتھ ہی پاکستان کے لیے ایک سہ فریقی سیریز بھی طے کی جائے گی تاکہ چیمپیئنز ٹرافی کے دوران پاک-بھارت میچز سے ہونے والی آمدنی یا گیٹ منی کے ذریعے پی سی بی کو مالی فائدہ پہنچایا جا سکے۔
اس سے قبل، پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی سی سی کو واضح طور پر کہا تھا کہ یہ ممکن نہیں کہ بھارت پاکستان میں کھیلے جانے والے ایونٹس سے انکار کرے اور پاکستان بھارت میں کھیلنے پر مجبور ہو۔ انہوں نے مساوی بنیادوں پر فیصلے کی ضرورت پر زور دیا۔
ہائبرڈ ماڈل کے تحت، اگر بھارتی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل یا فائنل تک نہیں پہنچتی تو ٹورنامنٹ مکمل طور پر پاکستان میں منعقد ہوگا۔ بصورت دیگر، سیمی فائنل اور فائنل (اگر بھارت ان تک پہنچے) متحدہ عرب امارات میں ہوں گے۔
پاک-بھارت میچ دبئی میں کھیلا جائے گا، جبکہ بھارتی ٹیم اپنے تمام گروپ میچز بھی وہیں کھیلے گی۔