اسلام آباد ۔پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ کمیشن کے 14ویں اجلاس میں خوراک، توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز پر باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جہاں پاکستان کے آئندہ پارلیمانی انتخابات (8 فروری) اور یورپی یونین کے جون 6-9 کے پارلیمنٹ انتخابات سمیت حالیہ سیاسی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق، کمیشن نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مضبوط تعاون اور دیرپا شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں خصوصی طور پر تجارت، نقل مکانی، انسانی حقوق، سیاسی اور معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ گلوبل گیٹ وے حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔
فریقین نے مشترکہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ خوراک، توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے مسائل سے نمٹنے کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔
یہ اجلاس سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور یورپی خارجہ امور سروس کی ایشیا و پیسفک امور کی نائب مینیجنگ ڈائریکٹر پاولا پامپالونی کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا۔
یہ بھی طے پایا کہ یورپی یونین پاکستان جوائنٹ کمیشن کا اگلا اجلاس 2025 میں برسلز میں منعقد ہوگا۔