لاہور۔ چیف آف آرمی سٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ 20 دسمبر سے شروع ہوگی۔ سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے پریس کانفرنس کے دوران قومی کھیل کے احیا اور فروغ کے لیے دوسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ کرانے کا اعلان کیا۔
نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے پریس کانفرنس میں چیمپئن شپ کی تفصیلات بتائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چیف آف ارمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز ملٹری کے قومی کھیل کی سرپرستی کرنے پر شکر گزار ہیں۔
دوسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ میں پاکستان بھر سے 800 کلب حصہ لیں گے۔ کلبز کی رجسٹریشن کا عمل 11 دسمبر سے شروع ہوکر 15 دسمبر تک جاری رہے گا۔ جس کے بعد تمام صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنز تین دن کی جانچ پڑتال کریں گی۔
چیمپئن شپ کے مقابلے چار مراحل میں ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں 20 دسمبر سے پانچ جنوری 2025 تک ڈسٹرکٹ سطح پر کلبز کے درمیان مقابلے ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں 8 سے 13 جنوری تک ڈویڑن اور ریجنل سطح کے مقابلے ہوں گے۔تیسرے مرحلے میں 15 سے 22 جنوری تک صوبائی سطح کے مقابلے ہوں گے۔
صوبائی سطح کے مقابلوں کے اختتام پر 10 ٹیمیں قومی سطح کے مقابلوں میں کوالیفائی کریں گی۔ قومی سطح پر آخری مرحلے کا آغاز 3 فروری سے ہوگا۔ فائنل 15 فروری کو کھیلا جائے گا۔ قومی سطح پر پنجاب سے چار، سندھ اورخیبر پختونخوا سے دو دو ٹیمیں کوالیفائی کریں گے. بلوچستان ، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے ایک ایک ٹیم کوالیفائی کرے گی۔ قومی سطح کے تمام میچ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
چیمپئن شپ کو انتہائی پیشہ وارانہ انداز میں منظم کیا جائے گا جس کا مقصد نوجوان اور باصلاحیت ہاکی کھلاڑیوں کی تلاش ہے۔، جو آگے چل کر قومی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔پریس کانفرنس میں اولمپئن آصف باجوہ، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان اور اولمپئن انجم سیعد بھی موجود تھے۔