اسلام آباد ۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج میں شریک 1200 افراد کی شناخت مکمل ہوچکی ہے، اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نشاندہی کے بعد ان افراد کے خلاف مقدمات ٹرائل کے مرحلے میں لے جائے جائیں گے، اور توقع ہے کہ ایک ماہ کے اندر فیصلے صادر ہو جائیں گے۔
عطا تارڑ نے مزید الزام عائد کیا کہ سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی نے سلمان اکرم راجہ اور صاحبزادہ حامد رضا کو نامناسب زبان سے نوازا اور ان کے خلاف غیر اخلاقی القابات استعمال کیے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی احتجاجی مہم کی ناکامی کے بعد گالم گلوچ اور الزامات کا سلسلہ شروع ہوا، جس پر صرف دو افراد نے ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ناکامی کے بعد گالیاں دینا ایک غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔
اس دوران، عمر ایوب پر بھی شدید تنقید کی گئی، جنہیں عرفان صدیقی نے افواج پاکستان میں تفرقہ ڈالنے اور بغاوت پر اکسانے کی کوشش کا ذمہ دار قرار دیا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ ایسے بیانات نہ صرف قابل مذمت ہیں بلکہ ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بھی ہیں۔