اسلام آباد۔صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر اور سابق اسپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سابق وزیر حکومت راجہ یاسین اور سابق رکن کشمیر کونسل سردار نسیم سرفراز بھی موجود تھے۔
اس ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اندرون اور بیرون ملک مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آواز اٹھائی جائے گی اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت نے کشمیری عوام سے ان کا حق خودارادیت چھین رکھا ہے، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر بھارت کے مظالم کو عالمی فورمز پر بے نقاب کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر دی ہے اور کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے آزادی کے بیس کیمپ کے طور پر آزاد کشمیر سے بھرپور آواز اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مظلوم کشمیری عوام کی آواز عالمی برادری تک پہنچ سکے۔
ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کشمیری عوام کے حقوق کے لیے تمام محاذوں پر متحد ہو کر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔