لاہور۔پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرنے کا فیصلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر پہنچا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، آئی سی سی بورڈ ڈائریکٹرز کی جمعے کو ہونے والی میٹنگ سے پہلے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح کر دیا کہ وہ ٹورنامنٹ کی میزبانی کے اپنے مؤقف پر قائم ہے اور کسی دوسرے ملک کو شریک میزبان نہیں بنائے گا۔
پی سی بی کے ذرائع نے واضح انداز میں کہا کہ اگر آئی سی سی کے پاس اس معاملے کا کوئی قابل قبول حل ہے تو میٹنگ سے پہلے آگاہ کرے تاکہ ہم تیاری کے ساتھ شامل ہوں اور کسی حتمی نتیجے پر پہنچ سکیں۔ یہ ممکن نہیں کہ پاکستانی ٹیم بھارت جا کر کھیلے جبکہ بھارتی ٹیم پاکستان آنے سے انکار کرے۔
مزید تفصیلات: چیمپئنز ٹرافی، براڈکاسٹرز کی پاکستان اور بھارت کو الگ گروپس میں رکھنے کی مخالفت
اس سے قبل، پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے ایک رات گئے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے جائیں گے اور ایونٹ کے لیے مضبوط ترین ٹیم میدان میں اتاری جائے گی۔
دوسری جانب، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اپنے میڈیا کے ذریعے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان سے چھیننے یا ہائبرڈ ماڈل کو قبول کروانے کے لیے اسلام آباد میں سیاسی احتجاج اور سری لنکا اے ٹیم کے دورے کی منسوخی کو سیکیورٹی خدشات کے طور پر پیش کر رہا ہے۔