راولپنڈی ۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران ایک بار پھر فرد جرم عائد کرنے میں تاخیر ہوئی۔ یہ چوتھی مرتبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم مؤخر کی گئی۔
خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ مزید 10 ملزمان نے عدم شواہد کی بنیاد پر بریت کی درخواستیں دائر کی ہیں۔ عدالت نے سماعت کو 2 دسمبر تک ملتوی کر دیا۔
اسپیشل پراسیکیوٹر راجہ اکرام امین منہاس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس مکمل شواہد موجود ہیں اور کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ جی ایچ کیو پر حملہ نہیں ہوا۔ انہوں نے ملزمان کی جانب سے سماعت میں تاخیر کی کوششوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور عدالت سے اپیل کی کہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے۔
اسپیشل پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ کیس میں 119 ملزمان ہیں، اور حاضری مکمل نہ ہونے کی وجہ سے فرد جرم عائد نہیں ہو پا رہی۔ انہوں نے عدالت سے ملزمان کی ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ملزمان ضمانت کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔